آئینی سطح پر انسانی حقوق کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے، آئی اے رحمان

October 07, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) انسانی حقوق کو ناپنے کے لئے کئی پیماے ہیں اور خود بظاہر انسانی حقوق کے کئی زوایئے ہیں،المیہ یہ ہے کہ انسانی حقوق حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں ۔آئینی سطح پر انسانی حقوق کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔تمام اقدامات اور منصوبوں کے باوجود بھی پاکستان میں گھریلو تشدد ،جنسی ہراسائی ،دہشت گردی کے واقعات میں کمی دکھائی نہیں دیتی۔قبائلی علاقوں خصوصاً ،گلگت بلتستان اور بلوچستان کی عوام کے حقوق پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہارآئی اے رحمان نے جامعہ کراچی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے زیر اہتمام شیخ مطاہر احمد میموریل لیکچرسیریز کے تحت سیمینار بعنوان ’پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال ‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آئی اے رحمان نے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں شامل ہوجانے سے یہ بات یقینی طور پر کہی جاسکتی ہے کہ اس علاقے کے لوگوں کو انسانی حقوق کے حوالے سے جوشکایات ہیں ان کا جلد ازالہ ممکن ہوسکے گا۔سندھ میں مزدوروں کے حوالے سے جو قانون سازی کی گئی ہے بالخصوص ہوم بیسڈ ورکرز کے لئے اس کے خاطر خواہ نتائج جلد آنا شروع ہوجائیں گے۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ معاشرے کی تشکیل اور استحکام کے لیے بنیادی حقوق میں سے تعلیم بہت اہم حق ہے۔اگر ہم پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا۔ میزبانی کے فرائض ڈاکٹر نوشین وصی نے انجام دیئے۔چیئر مین شعبہ بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر نعیم احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عامر حمید نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔