گورننس اچھی ہوتی تو فضل الرحمٰن کو دھرنے کی جرأت نہیں ہوتی ،تجزیہ کار

October 10, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ) حکومت کی گورننس اچھی ہوتی تو فضل الرحمن کو دھرنا لانے کی جرأت نہیں ہوتی ۔حکومتی وزراء کی وجہ سے مولانا فضل الرحمن کا آزادی مارچ شروع ہونے سے پہلے ہی ہاٹ ٹاپک بن گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف تجزیہ کار حسن نثار، ارشاد بھٹی، بینظیر شاہ، مظہر عباس اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ میزبان ابصاء کومل کے پہلے سوال جس طرح چینی صدر نے 400 کرپٹ افراد کو جیل بھیجا کاش میں بھی 500کرپٹ کو جیل بھیج سکتا تاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو، عمران خان کیا وزیراعظم کا یہ بیان درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ وزیراعظم کا مسئلہ ہے کہ سیاق و سباق جانے بغیر سنی سنائی بات آگے بڑھادیتے ہیں، عمران خان کے 500کرپٹ افراد کو جیل بھیجنے کے بیان کے پیچھے خواہش، نیت اور ارادہ بہت اچھا ہے لیکن شرط ہے کہ یہ عمل آئین و قانون سے مطابقت رکھتا ہو۔ بینظیر شاہ کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتا عمران خان دوسرے ممالک میں اپنے ملک سے متعلق کیسی باتیں کرتے ہیں، وزیراعظم نے چینی بزنس کمیونٹی کو پاکستان آکر سرمایہ کاری کرنے کی بھی دعوت دی، کون سرمایہ کار ایسے ملک میں سرمایہ کاری کریگا جسکا وزیراعظم اپنے ملک کو کرپٹ کہہ رہا ہے۔