قرآن کریم سے محبت ہی نجات کا واحد راستہ ہے،پیر علی رضا بخاری

October 14, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی و سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف پیر علی رضا بخاری نے کہا ہے کہ قرآن حکیم تخلیق کائنات کے اسرار ظاہر کرنے والا نسخہ ہے۔ امت مسلمہ کے عروج اور کامیابیوں کیلئے قرآن حکیم سے رہنمائی لینا ہوگی۔ قرآن کریم سے محبت ہی نجات کا واحد راستہ ہے۔ وطن عزیز پا کستان کلمہ کی بنیاد پر معرض وجود آیا ،پاکستان کے تمام مسالک کے علمائے کرام اور مفتیان عظام کا مرتب کردہ متفقہ قومی بیانیہ قرآن و سنت کی بہترین تشریح اور موجودہ دور کی مشکلات سے نجات حاصل کرنے کےلئے بہترین لائحہ عمل ہے، ہمیں پیغام پاکستان بیانیہ ہر ایک فرد تک پہنچانا ہوگا تعلیم یہ پیغام پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے، پاکستانی عوام اور بہادر مسلح افواج استحکام پاکستان کے مشن پر متحد ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار رضا اسلامیہ کالج فار گرلز کے افتتاح کے موقع پر انٹرنیشنل قرآن و پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جوکہ مظلوم کشمیری بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کےلئے منعقد کی گئی۔ کانفرنس سے آستانہ عالیہ فقیر آباد شریف ،مئیر آف لیوٹن یوکے پیر محمد حمید جان سیفی زیب ،طاہر محمودملک،سینئر حریت رہنما و ممتاز بزنس مین الطاف احمدبٹ، پروفیسر علامہ مسعود اختر ہزاروی ،سجادہ نشین چورہ شریف پیر سعادت علی شاہ،سابق مشیر حکومت آزاد کشمیرڈاکٹر مقصود جعفری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔جبکہ عالم اسلام کے معروف قراء، قاری سید صداقت علی (ھلال امتیاز )،الشیخ مہدی نجاتی طٰہ اسماعیل (مصر)،الشیخ گندوم نڑاد طوسی (ایران )، الشیخ عبد الحافظ ادرنکی (مصر)، قاری علی اکبر نعیمی،قاری خالد عثمان الازہری قاری ڈاکٹر اکرام اللہ محسن نے تلاوت قرآن کریم سے شرکاءکو محظوظ کیا ، پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ رضا اسلامیہ کالج گذشتہ 20 سال سے قرآن کے آفاقی پیغام کو عام کرنے کیلئے کوشاں ہے اورحکومت پاکستان کا بیانیہ پیغام پاکستان تمام اسلامی مسالک کامتفقہ بیانیہ ہے جو ہر قسم کی دہشت گردی، عسکریت پسندی، تکفیریت کی نفی کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا قومی بیانیہ متفقہ اسلامی بیانیہ ہے جو 1400 سال پہلے اللہ کے آخری رسول حضرت محمدﷺ کے ذریعے پوری دنیا میں پھیلا،آج انٹرنیشنل محفل حسن قرات میں دنیا کے نامور قراءنے قرآن حکیم کی روح پرور تلاوت کر کے حاضرین کے دلوں کو منور اور انہیں روحانی اور قلبی سکون فراہم کیا ہے۔