تعلیمی بورڈز، عدالتی فیصلہ آئے بغیر سیکرٹریز اور ناظم امتحانات کی سمری تیار

October 16, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے تعلیمی بورڈز میں سیکرٹریز اور ناظم امتحانات کے عہدوں پر تعیناتی کیلئے اُمیدواروں کی سمری عدالت کا فیصلہ آئے بغیر تیار کرلی گئی اور یہ سمری گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے بورڈز و جامعات نثار کھوڑو کی توسط سے وزیراعلیٰ سندھ کو بھیج دی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ فہرست میرٹ پر تیار کی گئی ہے تاہم اس سمری میں معلومات درست نہیں کیونکہ کئی امیدواروں نے 24سے 49کے درمیان بھی نمبر حاصل کئے ۔ سمری میں ٹیکنیکل بورڈ ، سکھر بورڈ اور لاڑکانہ بورڈ کے ناظم امتحانات بچ گئے اور کہا گیا ہے کہ ان کا اشتہار بعد میں جاری کیا جائے گا ۔ ادھر سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین کا کہنا ہے کہ وہ دستخط دیکھے بغیر سمری کی تصدیق نہیں کرسکتے ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ بورڈز و جامعات نے سندھ کے تعلیمی بورڈز میں سیکرٹریز اور ناظم امتحانات کے عہدوں پر تعیناتی کیلئے اُمیدواروں کی سمری تیار کرلی ہے اور یہ سمری گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے بورڈز و جامعات نثار کھوڑو کی توسط سے وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجی گئی ہے ۔ تاہم بھیجی گئی سمری میں وزیر اعلیٰ سندھ کو درست معلومات نہیں دی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ تلاش کمیٹی نے میرٹ پر جو فہرست تیار کی ہے اس میں 50؍ یا اس سے زائد نمبر والے امیدوار شامل ہیں جبکہ 23یا اس سے کم نمبر لینے والے (24سے 49کے درمیان کسی امیدوار نے نمبر نہیں لئے) یا مطلوبہ تدریسی یا انتظامی تجربہ نہ رکھنے والے امیدواروں کو شامل نہیں کیا گیا ۔ تاہم معلوم ہوا ہے کہ کئی امیدواروں نے 24سے 49کے درمیان نمبر بھی حاصل کئے گئے تھے ۔ یاد رہے کہ حیدرآباد ، سکھر ، میرپورخاص اور لاڑکانہ کے تعلیمی بورڈز کے ناظم امتحانات اور سیکرٹریز نے تقرریوں کے معاملے کو عدالت میں چیلنج کررکھا ہے ۔ تاہم سمری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد اس فہرست کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ سمری میں ٹیکنیکل بورڈ میں قائم مقام ناظم امتحانات ارباب تھیم کو بچا لیا گیا ہے جبکہ سکھر بورڈ اور لاڑکانہ بورڈز کے ناظم امتحانات بھی بچ گئے ہیں کیونکہ سمری میں کہا گیا ہے کہ ان تینوں بورڈز کے ناظم امتحانات کیلئے اشتہار دوبارہ جاری کیا جائے گا۔ ہرتعلیمی بورڈ کے ناظم امتحانات اور سیکرٹری کے عہدے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کو دو دو نام بھیجے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ ہر عہدے کیلئے کسی ایک فرد کی تعیناتی کی حتمی منظوری دینگے۔ ناظم امتحانات کی سمری میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کیلئے سید ندیم حیدر اور شارق اقبال ، بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کیلئے شیخ احمد تالپر اور سید ندیم حیدر ، انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری بورڈ حیدرآباد کیلئے شارق اقبال اور ڈاکٹر ظفر فاروقی ، میرپورخاص بورڈ کیلئے ڈاکٹر ظفر فاروقی اور شیخ احمد تالپور کے نام وزیراعلیٰ ہاوس کو ارسال کئے گئے ہیں۔ سیکرٹریز کے عہدے کیلئے تیار سمری میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کیلئے اعجاز علی سہتو اور پروفیسر قاضی ارشد حسین صدیقی ، بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کیلئے پروفیسر قاضی ارشد حسین اور عطا حسین لاکھو ، بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کراچی کیلئے انجینئر میجر ریٹائرڈ ذوالفقار اور اعجاز علی لاکھو ، حیدر آباد بورڈ کیلئے عطاء حسین لاکھواور عبدالہادی ، سکھر بورڈ کیلئے امتیاز علی شاہ اور انجینئر میجر ریٹائرڈ زوالفقار علی، میرپورخاص بورڈ کیلئے عبدالہادی اور قاضی سکندر علی کے نام وزیر اعلیٰ ہاوس کو ارسال کردیئے گئے ہیں۔ ادھر سیکریٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین کا کہنا ہے کہ وہ دستخط دیکھے بغیر سمری کی تصدیق نہیں کرسکتے ۔ واضح رہے کہ سیکرٹری بورڈز و جامعات خود تلاش کمیٹی کے رکن ہیں اور تلاش کمیٹی کے چیئرمین اور ریٹائرڈ پروفیسر قدیر راجپوت ان کے ماتحت افسر ہیں اور سمری میں ان کا نام بھی استعمال کیا گیا ہے۔ حال ہی میں مختلف جامعات میں ڈائریکٹر فنانس کی بھی خلاف ضابطہ تقرریاں کی گئی ہیں جس میں کم نمبر لانے والے امیدواروں کو ڈائریکٹر فنانس مقرر کردیا گیا۔