گجرات، خوفناک آتشزدگی سے بچی سمیت خاتون جاں بحق

October 16, 2019

گجرات کے بھمبھر روڈ پر واقع شاپنگ سینٹر میں خوفناک آگ لگ گئی، جس کے باعث خاتون سمیت 10 سالہ بچی جھلس کرجاں بحق ہوگئی، جبکہ 50 سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔

شہری کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کی ویڈیو

ذرائع کے مطابق بھمبر روڈ پر واقعے شاپنگ سینٹر میں لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کے شعلوں نے 10 سالہ بچی اورایک خاتون کی جان لے لی ہے، عمارت کی بالائی منزل پر رہائشی فلیٹس، گراونڈ فلور پر شاپنگ سینٹر اور دفاتر بھی قائم ہیں۔

شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ سے کروڑوں روپے کے نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے، ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں لیکن 5 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

آگ پر قابو پانے کے لیے گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ سے ریسیکو کی گاڑیاں اور اہلکار طلب کر لیے گئے ہیں جو امدادی کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔