اماراتی کپتان سمیت تین کرکٹر کرپشن الزامات پر معطل، انکوائری شروع

October 17, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی نے متحدہ عرب امارات کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نوید سمیت تین کرکٹرز کرپشن کے الزام میں معطل کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ انہیں اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت باقاعدہ چارج کیا گیا ہے۔ وہ سولہ روز کے اندرجواب جمع کراسکتے ہیں۔ آئی سی سی کے تفتیش کاروں کے مطابق کرکٹرز نے اس ماہ شروع ہونیوالے ورلڈ ٹی 20 کوالیفائرز میں فکسنگ پر رضامندی ظاہر کی تھی۔عرب امارات نے چار روز قبل محمد نوید کا نام ٹیم سے واپس لے لیا تھا اور اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی تھی۔ محمد نوید پر اس سال ہونیوالی ٹی ٹین لیگ میں فکسنگ پر رضامندی کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔ ان کے ساتھ شیمان انور بٹ اورقدیر خان کو بکیوں سے روابط اور معلومات فراہم کرنے پر چارج کیا گیا ہے۔ شیمان انور کو بھی ٹی 20 کوالیفائرز میں کرپشن کیلئے راضی ہونے پر فرد جرم کا سامنا ہے۔