نوجوان بانی و مفکر پاکستان کی تعلیمات کا مطالعہ کریں، علی محمد خان

October 17, 2019

راولپنڈی(نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے طلباء اور نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ بابائے قوم قائداعظم محمد جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سول سوسائٹی کے مختلف الخیال متحارب طبقات کے مابین امن، اتحاد اور اعتماد کے فروغ کےلئے اپنا کردار ادا کریں ، نوجوان بانی پاکستان اور مفکر پاکستان کی تعلیمات کا مطالعہ کریں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ نظامت طلباء امور کی قائدین سوسائٹی کے زیراہتمام تحفظ اور عدم برداشت پر مبنی مثالی معاشرہ کی تشکیل کےلئے منعقد ہونیوالے امن میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے میلے کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ طلباءکی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کےلئے نصابی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ امن میلہ طرز کے غیر نصابی پروگرام بھی ضروری ہیں ۔ وفاقی وزیر مملکت نے پیغام پاکستان بیانیہ کو انسداد دہشت گردی اور انسداد تعصبات کا بہترین بیانیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم پہلے ہی جنونی انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ و علاقائی عصبیتوں کی بھاری قیمت ادا کرچکی ہے، اس لئے ملک میں امن و استحکام اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کےلئے متفقہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان بہترین قابل عمل لائحہ عمل اور عصر حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق وقت کی ضرورت قومی ایجنڈہ ہے جو سول سوسائٹی کو تعصبات اور جملہ مکروہات سے پاک کرکے قومی سلامتی کے تحفظ و استحکام کا ضامن ثابت ہوگا۔