کراچی: فائر رسک الاؤنس کی عدم ادائیگی، فائر فائٹرز کا احتجاج

October 17, 2019

اعجاز احمد/ اسٹاف رپورٹر.... فائر فائٹرز نے مالی اور معاشی حالات سے تنگ آکر 16 ماہ کے فائر رسک الاؤنس (اوور ٹائم) کی ادائیگی کیلئے فائر بریگیڈ ہیڈ کوارٹر میں کیمپ لگاکر احتجاج شروع کردیا۔

سجن یونین (سی بی اے) کے ایم سی کے صدر سید ذوالفقار شاہ نے ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ سی بی اے فائر فائٹرز کے حقوق کیلئے اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ سجن یونین نے 1984 کے معاہدے کی شق نمبر 7 کے تحت انجینئرنگ، واٹر بورڈ اور فائر بریگیڈ کے ملازمین کے لیے رسک الاؤنس کی سندھ حکومت سے منظوری لی تھی ، لیکن حکومت سندھ اور کے ایم سی انتظامیہ فائر فائٹرز کو ان کے حقوق دینے میں مخلص نہیں۔

انہوں نے میئر کراچی اور میٹروپولیٹن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ وعدے کے مطابق ایک ماہ کا فائر رسک الاؤنس ادا کریں اور فائر فائٹرز کے خلاف انتقامی کارروائی سے گریز کیا جائے۔