حب نہر کی صفائی کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، ایم ڈی واٹر بورڈ

October 18, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان نے کہا ہے کہ حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے حب نہر کی صفائی کا مشکل ترین کا م تکمیل کے آخری مراحل میں ہے کراچی کی طلب کے مقابلے میں صرف 44فیصدپانی دستیاب ہے، شہر کی بڑھتی آبادی کے باعث دن بدن پانی کی طلب و رسد میں فرق بڑھتا جارہا ہے اس کے باوجود واٹربور شہر کے دوردراز خصوصاً بلندی پر واقع علاقوں تک دستیاب پانی کی فراہمی ومنصفانہ تقسیم یقینی بنارہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینیجمنٹ سے سینئر مینجمنٹ کا کورس کرنے والے مختلف اداروں کے افسران کو فراہمی ونکاسی آب سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کیا، بریفنگ میں ایڈیشنل سیکریٹری قانون آزادکشمیر راجہ زاہد محمود، ڈائریکٹر نیب اسلام آبادشفقت محمود ،ڈائریکٹرانفارمیشن ڈاکٹر مریم شیخ، ایڈیشنل ڈائریکٹرنیب کراچی جاوید احمد اور دیگر نے شرکت کی، ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ واٹربورڈ کو فراہمی ونکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے تاہم اس ضمن میں واٹربورڈکو سندھ حکومت خصوصاً وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ ،وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصرحسین شاہ کابھرپورتعاون ورہنمائی حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام اضلاع میں واٹربورڈکے افسران اور عملہ رات دن شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے کام کررہا ہے۔