بریڈ فورڈ ثقافتی میلہ کا نہ ہونا افسوسناک ہے، کونسلر رضوانہ جمیل

October 18, 2019

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) بریڈفورڈ میلہ ساؤتھ ایشین ثقافت کا نہ صرف شاندار جشن ہے بلکہ اس سے مختلف کمیونٹی کی تہذیبوں کو اکٹھا ہونے کا بھی موقع ملتا ہے گزشتہ سات سال سے ثقافتی میلے کا انعقاد نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ بریڈفورڈ میلے کو جاری نہ رکھ کر شدید بد نظمی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار لیبر پارٹی کی کونسلر رضوانہ جمیل نے بریڈفورڈ کونسل میں ماحولیات کے حوالے سے ’سکرونٹی میٹنگ میں کیا‘ انہوں نے کہا کہ بریڈفورڈ میلہ جس کی ابتدا 1988 میں ہوئی تھی جس میں برطانیہ بھر سے ایک لاکھ سے زائد مختلف کمیونٹی کے افراد شریک ہوتے تھے کئی سال تک ہونے والا یہ میلہ لیسٹر پارک بولنگ پارک اور پیک پارک میں لوگوں کے چہرے پر خوشیاں بکھیرتا رہا یہ میلہ نہ صرف برطانیہ بلکہ پورے یورپ کا ایک بہت بڑا پروگرام تصور کیا جاتا تھا جس سے بریڈفورڈ شہر کا دنیا بھر میں ثقافت کے لحاظ سے ایک خوبصورت نام سمجھا جاتا تھا مگر بد قسمتی سے سال 2012 میں بارش کی نذر ہوجانے کے بعد یہ میلہ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ میلے کے خوبصورت اور رنگا رنگ پروگرام نےبرطانیہ بھر سے ہزاروں لوگوں کو اس کی جانب راغب کیا تھا اگرچہ اس میں کچھ خامیاں بھی تھیں جو زیادہ دیر تک جاری نہ رکھنے کا بھی سبب بنیں، گزشتہ برس بریڈفورڈ کونسل نے انکشاف کیا تھا کہ یہ میلہ دوبارہ شروع ہو سکتا ہے اس حوالے سے پورا سال ممکنہ طور پر دوبارہ میلے کے انعقاد کے لئے تیاریاں کی گئیں، سٹی پارک میں میک میلہ ڈےکا بھی انعقاد کیا لیکن پھر بھی میلے کا دوبارہ انعقاد ممکن نہیں ہو سکا اس موقع پر کونسلر رالف بیری نے کہا کہ 1990 کی دہائی کے اوائل میں اس میلے میں کثیر الثقافتی رنگ نمایاں تھے جس میں مقامی کمیونٹی کی تنظیمیں اور رضاکارانہ شعبے کی شمولیت تھی مگر بعد ازاں یہ میلہ ایک تجارتی مرکز کی شکل اختیار کر گیا کونسلر ریاض نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس میلے کے آغاز کا مقصد مختلف کمیونٹی کے درمیان اتحاد پیدا کرنا تھا لیکن پھر رقم کمانے کی مشق بن گیا۔ بریڈفورڈ کونسل آنے والے دس سال کے لئے ثقافتی پروگرام کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کر رہی تھی، بریڈفورڈ شہر جہاں پورے برطانیہ میں نوجوانوں کی اکثریت کے علاوہ صنعتی اور ثقافتی حیثیت سے اہم مقام حاصل ہے جہاں زبردست پیداواری مواقع موجود ہیں اس تناطر میاں ثقافتی ترقی اور نوجوانوں کی فکری ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بریڈفورڈ کونسل کو انقلابی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔