لاہور میں شاہی جوڑے کو بے سہارا بچوں نے فرینڈ شپ بریسلٹ پہنائے

October 20, 2019

لندن (پی اے) پاکستان کے دورے کے دوران برطانوی شاہی جوڑے نے جب بے سہارا بچوں کی دیکھ بھال کے لیے قائم ایک یتیم خانے کا دوسرا وزٹ کیا تو بچوں نے انہیں دوستی کے بریسلٹ پہنائے۔شاہی جوڑے کا طیارہ موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد نہ اتر سکا تو وہ واپس آگئے اور انہیں مجبوراً لاہور میں رکنا پڑا۔ رائل ذرائع کے مطابق شہزادی لاہور میں قائم ایک ایس او ایس ویلیج دوسری بار جانے کی آروزمند تھیں، اس یتیم خانے میں150سے زائد افراد مقیم ہیں۔ شاہی جوڑا بچوں کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ گیا اور بچوں نے دونوں کو فرینڈ شپ بریسلٹ باندھے۔ شہزادی کی کلائی پر گلابی اور شہزادے کی کلائی پر نیلے رنگ کا بریسلٹ باندھا گیا۔ اس موقع پر شہزادہ ولیم نے کہا۔ ’’بریسلٹ کے لیے آپ کا بہت شکریہ، میں اسے نہیں اتاروں گا، میرے بچے اسے دیکھ کر حیران ہوں گے کہ میں نے یہ کس لیے پہنا ہوا ہے۔‘‘ کیٹ میڈلٹن جو آج کل بچوں کے ابتدائی برسوں پر کام کررہی ہیں نے کہا کہ میری زیادہ توجہ اس پر رہی ہے کہ بچوں کے لیے ہم کس طرح اچھا سہارا بن سکتے ہیں اور انہیں زندگی میں کامیابی کے لیے کن کن چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے، ان میں سے ایک معیاری رشتہ اور دوسرا ماحول ہے، مجھے یہاں دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ آپ کے پاس یہ دونوں چیزیں ہیں۔ شہزادہ ولیم نے ذہنی صحت پر بات کی، اس مسئلے پر انہوں نے اسلام آباد کے ایک سرکاری اسکول کے استاتذہ سے بھی بات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر لوگ ذہنی صحت پر بات بھی کرتے ہیں اور اسے انسانی کردار پر کوئی دھبہ نہیں سمجھتے۔ مغرب میں ہم جذباتی سپورٹ پر زیادہ توجہ نہیں دے سکتے، آپ جو کچھ کررہے ہیں یہ واقعی تعجب انگیز ہے اور ہماری شکل میں آپ نے دو سفیر پالیے ہیں۔