روہت شرما نے ڈان بریڈ مین کو پیچھے چھوڑ دیا

October 20, 2019

بھارتی کرکٹر روہت شرما نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران ریکارڈ بک میں کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑی سر ڈان بریڈمین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

روہیت شرما بلاشبہ ون ڈے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جو 3 مرتبہ اس فارمیٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے واحد بیٹسمین بھی ہیں، تاہم اب انہوں نے ٹیسٹ ٹیم میں اپنے انتخاب کو درست ثابت کرتے ہوئے یہاں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے۔

جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں روہیت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ کا اپنا سب سے بڑا اسکور بناتے ہوئے پہلی مرتبہ ڈبل سنچری بنائی۔

اس اسکور کے ساتھ ہی روہیت شرما ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ان سے قبل بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور وریندر سہواگ جبکہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل بھی ون ڈے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میچز میں بھی ڈبل سنچری بنا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ ون ڈے میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور پاکستان کے فخر زمان بھی شامل ہیں، تاہم یہ دونوں ٹیسٹ میچز میں اب تک ڈبل سنچری نہیں بناسکے ہیں۔

اسی طرح روہیت شرما نے ہوم سیریز میں سب سے زیادہ اوسط کے ساتھ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے عظیم بلے باز سر ڈان بریڈ مین کو بھی بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

اس وقت روہیت شرما 12 میچوں کی 18 اننگز میں 99.84 رنز کی اوسط سے 1 ہزار 2 سو 98 رنز بنا چکے ہیں جبکہ ڈان بریڈ مین نے 33 میچز اپنی سرزمین پر کھیلے اور 98.22 کی اوسط کے ساتھ 4 ہزار 3 سو 22 رنز بنائے۔

روہیت شرما نے ایک سیریز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

یاد رہے کہ بھارتی اوپنگ بلے باز نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں اب تک 19 چھکے لگا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے نوجوان بلے باز شمرون ہیٹ میئر کے پاس تھا جنہوں نے گزشتہ برس بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں 15 چھکے لگائے تھے۔

خیال رہے کہ ایک سیریز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر پاکستان کے وسیم راجا ہیں جنہوں نے یہ ریکارڈ 1977 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔