ہائیکورٹ :بیری والا وہاڑی کے مکینوں کو صاف پانی کی فراہمی کے احکامات

October 23, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے بیری والا ضلع وہاڑی کے 45 گھروں کو صاف پانی مہیا نہ کرنے کیخلاف درخواست پر حکام کو فوری طور پر صاف پانی فراہم کرنے اور پانی کی ٹینکی بھی تعمیر کرنے کا حکم دیا ہے فاضل عدالت میں بیری والا کے مکینوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کی بستی سے ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر واٹر سپلائی لائن گزر رہی ہے لیکن محکمہ ہیلتھ انجینئرنگ ان کی بستی کو پانی فراہم کرنے پر آمادہ نہیں جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ پانی انسان کا بنیادی حق ہے اسے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا ،دریں اثنا ہائیکورٹ نے علی پور کی رہائشی ناہید اختر کی درخواست نمٹاتے ہوئے اسسٹنٹ منیجر نادرا علی پور کو حکم دیا ہے کہ وہ پٹیشنر کی درخواست پر 30روز میں فیصلہ کریں،فاضل عدالت میں ناہید اختر نےموقف اختیار کیا تھا کہ اس کے والدین کے پرانے شناختی کارڈز بنے ہوئے ہیں اور وہ کسی وجہ سے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نہیں بنا سکے مگر اب نادرا انکے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ بنانے سے انکاری ہے جو کہ بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔