شان فوڈز نے کمپنی فروخت ہونے کی تردید کردی

October 26, 2019

پاکستان میں مصالحہ جات بنانے والی نامور کمپنی شان فوڈز نے سوشل میڈیا پر اپنی فروخت سے متعلق افواہوں کی تردید کردی۔

شان فوڈز کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر کمپنی کی فروخت سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔

بیان کے مطابق سوشل میڈیا چینلز پر بے بنیاد خبریں سامنے آئیں تھیں کہ شان فوڈز کو ایک ملٹی نیشنل کمپنی خریدنے کے مراحل میں ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بطور قابلِ فخر پاکستانی کمپنی شان فوڈز، جس کی عالمی سطح پر نمایاں ترقی دیکھنے میں آئی ہے، اپنے کاروبار میں مزید اضافے کے لیے بہتر اساسی اور غیر اساسی مواقع کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔

سول میڈیا کی افواہوں کو غلط قرار دیتے ہوئے شان فوڈز کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو اس حوالے سے پہلے کمپنی کے تمام اسٹیک ہورلڈز کو آگاہ کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ شان فوڈز نے گزشتہ 40 سال کے دوران خود کو بطور نامور عالمی برانڈ بنانے کے لیے کام کیا ہے جس نے دنیا کے پانچ براعظموں کے 65 ممالک میں اپنی پہچان بنائی ہے۔

شان فوڈز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو اعلیٰ معیاری مصنوعات فراہم کرنے کے لیے تندہی کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہے۔