وسیم اکرم فواد خان کے ساتھ فلموں میں انٹری کیلئے تیار

October 26, 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی تیاری کرلی۔

سوئنگ کے سلطان اداکار و ڈائریکٹر فیصل قریشی کی نئی فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔

کرکٹ کے میدانوں سے شہرت حاصل کرنے کے بعد بطور ٹی وی کمرشل ماڈل اور پروگرام اینکر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد بڑے پردے پر اپنے جوہر دکھائیں گے۔

عرب ویب سائٹ کے مطابق فیصل قریشی بھی اپنی نئی فلم میں اداکاری کرتے دکھائی دیں گے جبکہ فلم میں مرکزی کردار فواد خان نبھائیں گے۔

دیگر ستاروں میں گوہر رشید، میکال ذوالفقار اور کرن ملک جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ فیصل قریشی نے کامیڈی سے بھرپور اپنی اس فلم کے لیے بطور مہمان اداکاری کرنے کے لیے مائرہ خان سے بھی رابطہ کیا ہے، تاہم ان کی رضا مندی کے حوالے سے تصدیق نہیں کی جاسکی۔

علاوہ ازیں فیصل قریشی وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کو بھی فلم کی کاسٹ میں بطور مہمان اداکار شامل کرنا چاہتے ہیں، جس کی شنیرا اکرم کی رضامندی کا عندیہ ملا ہے۔

خیال رہے کہ فیصل قریشی ایک اداکار اور پروگرام میزبان ہونے کے ساتھ ساتھ کمرشل بنانے کے شعبے میں بھی اپنا ایک خاص مقام رکھتے ہیں جہاں وہ وسیم اکرم کے ساتھ مختلف ٹی وی کمرشلز میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔