کراچی میں آرٹ فیسٹیول فروری 2020ء میں ہوگا

October 29, 2019

’آئی ایم کراچی‘ تنظیم کی جانب سے فروری 2020ء میں 8 روزہ ’انٹرنیشنل آرٹ پبلک فیسٹیول‘ (آئی پیف) کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں شہر قائد میں ’آئی ایم کراچی‘ تنظیم کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی پیف کے سربراہ جمیل یوسف ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر امبرین کاظم تھومپسن ، کمشنر کراچی افتخار شلوانی اور آرٹسٹ امین گلجی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی پیف کے سربراہ جمیل یوسف ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر امبرین کاظم تھومپسن نے بتایا کہ آرٹ فیسٹیول 2020ء کراچی کے 4 سے زائد مقامات پر کیا جائے گا ۔

انہوں نےبتایا کہ اس بار فیسٹیول کے مرکزی مقام کراچی کے اولڈ ایریاز یعنی پاکستان چوک اور کھارا در اور این ای ڈی یونیورسٹی سمیت کے پی ٹی میں عوام کے لیے رکھے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیسٹیول میں امریکا، برطانیہ، اٹلی، جاپان اور تھائی لینڈ سمیت دیگر ممالک کے آرٹسٹوں سمیت مقامی آرٹسٹوں کے کام کو پیش کیا جائے گا۔

تنظیم کا کہنا تھا کہ اس بار ’انٹرنیشنل آرٹ پبلک فیسٹیول‘ میں شرکت کےلیے بھارت کے آرٹسٹوں کو بھی دعوت نامے ارسال کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اسی تنظیم کی جانب سے رواں برس مارچ میں پہلی بار ’عالمی عوامی آرٹ فیسٹیول‘ کا انعقاد کیا گیا تھا جو ’کراچی پورٹ ٹرسٹ‘ کی تاریخی عمارت میں منعقد کیا گیا تھا۔

عالمی عوامی آرٹ فیسٹیول میں پہلی بار کراچی پورٹ ٹرسٹ کی تاریخی عمارت کو 100 سال بعد عوام کے لیے کھولا گیا تھا اور اس میں 60 آرٹسٹوں کے فن پاروں کی نمائش کی گئی تھی۔

گزشتہ برس یہ فیسٹیول تین دن جاری رہا تھا جسے عوام کی جانب سے بے حد پذیرائی حاصل ہوئی تھی اور اسی تناظر میں 2020ء میں منعقد کیا جانے والا فیسٹیول 8 روز پر محیط ہوگا۔