اسد شفیق آسٹریلیا میں مصباح، یونس کی کمی پوری کرنے کیلئے پرعزم

November 03, 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیم کے لیے مصباح الحق اور یونس خان کی میراث کو برقرار رکھنے اور ان کی کمی پوری کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسد شفیق کے مطابق سابق کپتان مصباح الحق اور ریکارڈ ساز یونس خان کی غیر موجودگی میں دورہ آسٹریلیا کے دوران مڈل آرڈر کی ذمہ داری ان کے کاندھوں پر ہوگی، جبکہ واضح کیا کہ وہ اس کا دباؤ محسوس نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اسے اپنے لیے بوجھ نہیں سمجھتے، لیکن عظیم کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اسد شفیق کا کہنا تھا کہ میرے لیے اہم ہے کہ میں کریز پر موجود رہوں اور جتنے ممکن ہوسکے رنز بناؤں۔

مصباح الحق اور یونس خان کے دور کو یاد کرتے ہوئے اسد شفیق کا کہنا تھا کہ جب دونوں کھلاڑی ٹیم کا حصہ تھے تو ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو سکون ہوتا تھا، کیونکہ یہ دونوں ایسے کھلاڑی تھے جو کسی بھی صورتحال میں کیریز پر ڈٹ جاتے تھے۔

ایک سوال پر اسد شفیق کا کہنا تھا کہ ان کا ذاتی ٹارگٹ یہی ہے کہ وہ ٹیم کی طرف سے زیادہ اسکور کریں۔

آسٹریلیا میں پاکستان کے ریکارڈ پر بات کرتے ہوئے اسد شفیق نے کہا کہ ہم اب تک وہاں ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکے، تاہم اب ہم تاریخ بدلنے کے لیے آسٹریلیا جائیں گے۔

پاکستان کے گزشتہ دورہ آسٹریلیا کا حوالہ دیتے ہوئے اسد شفیق کا کہنا تھا کہ ہمارے بلے بازوں نے پچھلی مرتبہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن بولنگ کارکردگی ہماری توقعات کے مطابق نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ماضی کی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے، تاہم اس مرتبہ ہمیں امید ہے کہ ہم اچھے نتائج دیں گے کیونکہ ٹیم متوازن ہے جس میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ تجربہ کار کھلاڑی بھی موجود ہیں۔

اپنی تیاریوں سے متعلق بات کرتے ہوئے اسد شفیق نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ ہمیشہ مشکل ہوتا ہے اور وہاں ایشیائی ٹیموں کو ہر بار نئے چیلنج کا سامنا ہوتا ہے کیوں کہ وکٹیں مختلف طرز کی ہوتی ہیں لیکن پیشہ ورانہ کھیل یہی ہے کہ ہر طرح کی صورتحال میں جاکر کرکٹ کھیلیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اندازہ ہے کہ آسٹریلیا میں کس طرح کی وکٹ ملے گی اور اس حساب سے ہی انہوں نے تیاریاں کی ہیں، اچھی بات یہ ہے کہ قائد اعظم ٹرافی کے میچز ہورہے تھے اور تمام کھلاڑی اچھی پریکٹس میں ہیں۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے دورے پر ہے جہاں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے بعد 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلے گی۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔