کرتار پور: افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل، تصویری جھلکیاں

November 09, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کرتار پور:افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل

امن کی راہداری کرتار پور کی افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

کرتار پور میں گورودوارہ کمپلیکس کی عمارتوں کی تزئین وآرائش مکمل ہو گئی، دیوان استھان، مہمان خانہ، لائبریری، لنگر ہال سمیت نئی عمارتیں برقی قمقموں سے سجا دی گئیں ہیں۔

یاتریوں کی مذہبی رسوم کی ادائیگی کے لئے دیوان استھان کی دو منزلہ نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے جبکہ کمپلیکس میں جدید خطوط پر تعمیر کی گئی لائبریری میوزیم میں بابا جی گرونانک سے منسوب اشیاء اور نادر تصاویر رکھی گئی ہیں۔

28ہزار فٹ رقبے پر لنگر ہال جہاں بیک وقت 2 ہزار یاتری کھانا کھا سکتے ہیں جبکہ 1 لاکھ 15 ہزار فٹ رقبے پر مہمان خانہ جس میں بیک وقت 700 یاتری قیام کر سکتے ہیں ۔

یہاں 20 ہال اور 40 فیملی روم، جہاں الماریاں، بیڈز، گدے اور آرام دہ کرسیاں بھی رکھی گئی ہیں ۔

انٹری گیٹ کے بالکل سامنے راہداری کا مکمل ماڈل نصب کیا گیا ہے جہاں سے رہنمائی لے کر یاتری کمپلیکس کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک با آسانی آمدو رفت جاری رکھ سکتے ہیں۔

معلومات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لئے معلوماتی سینٹر اور ایڈمنسٹریشن دفتر بھی قائم کیا گیا ہے۔

دربار کی عمارت کے تمام حصوں میں سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم جبکہ یاتریوں کو ہدایات دینے اور اعلانات کے لیے ساؤنڈ سسٹم لگایا گیا ہے۔

مرد اور خواتین یاتریوں کے لئے الگ الگ 100 سے زائد واش روم بنائے گئے ہیں جبکہ فائر فائٹنگ سسٹم بھی نصب کیا جا چکا ہے۔