اسلام آباد،شکرگڑھ(وقائع نگار خصوصی،نامہ نگار،صباح نیوز،آئی این پی)کرتارپورراہداری کاافتتاح آج ہوگا،پاسپورٹ اور رجسٹریشن کی شرط بحال کردی گئی۔کرتار پور میں بابا گرو نانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات کی تیاریا مکمل کرلی گئیں،وزیر اعظم عمران خان آج کرتار پور راہداری کا افتتاح کریں گے ۔ دربار صاحب کرتار پور کی سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر کے چیکنگ کی جا رہی ہے۔ افتتاحی تقریب سے قبل ہی بیرون ممالک سے آئے ہوئے مرد و خواتین سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد کرتار پور پہنچ چکی ہے جبکہ مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے مہمانوں کو ایک بہت بڑے پنڈال میں بٹھایا جائے گا جبکہ 660فٹ لمبا، 24فٹ چوڑا اور ڈھائی فٹ اونچا سٹیج بھی تیار کیا گیا ہے ۔کرتار پور راہداری منصوبہ کا سنگ بنیاد بھی عمران خان نے11ماہ قبل کیا جو مختصر وقت میںپایا تکمیل تک پہنچ گیا، وزیر اعظم عمران خان نارووال پہنچ رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے،دربار کو سفید رنگ کے ساتھ چمکایا گیا ہے جبکہ کرتار پور کے راستوں کو خیر مقدمی خوبصورت پینا فلیکس سے بھی سجایا گیا ہے۔ نیشنل اور انٹر نیشنل میڈیا کی ٹیمیں کرتار پور کوریڈور کی افتتاحی تقریب کی کوریج کیلئے پہنچ چکی ہیں۔