سروسزاسپتال سے ڈسچارج ہونے پر دی گئی رپورٹ ہی حتمی ہے

November 11, 2019

پرنسپل سمز ڈاکٹر محمودایاز کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے سروسز اسپتال سے ڈسچارج ہونے پر دی جانے والی رپورٹ ہی حتمی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ نےشریف میڈیکل سٹی کی رپورٹ پر پرنسپل سمز ڈاکٹر محمود ایاز سے رائے مانگی تھی، پرنسپل سمز نے پہلے والے بورڈ میں شامل ڈاکٹروں سے رائے طلب کی اور جواب بھیج دیا ہے۔

جواب میں کہا گیا کہ میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کے ڈسچارج کے موقع پر اپنی رائے دے دی تھی، شریف میڈیکل سٹی بورڈ میں ماہر ڈاکٹرز موجود تھے جن کی رپورٹ بہتر ہے۔

شریف میڈیکل سٹی کی رپورٹ میں نوازشریف کو علاج کے لیے باہر لےجانے کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ نوازشریف کو جدید طبی سہولتیں دینے کے لیے باہر لے جانا ضروری ہے، لہذا اس پر مزید کیا رائے دی جاسکتی ہے۔

نواز شریف کے پلیٹی لیٹس اس وقت 25 ہزار ہیں جبکہ شریف سٹی میڈیکل بورڈ کی سربراہی ڈاکٹر طاہر شمسی کر رہے ہیں۔

ماہر ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کے پلیٹی لیٹس 30 ہزار بھی ہوں تو طبی طور پر مینیج کرکے انہیں بیرون ملک لے جایا جاسکتا ہے۔