قومی گیمز میں آرمی کی برتری، سوئمنگ مقابلوں پر اعتراض

November 13, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی گیمز کے منتظمین میڈیا کو میڈلز پوزیشن جاری کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔ تیسرے روز منگل کو بھی کھیل کے اختتام پر ایونٹ میں نمبر ایک پوزیشن اور پوائنٹس ٹیبل مرتب نہیں ہونے کی وجہ سے میڈیا کو سخت پریشانی کا سامنا رہا۔ 33ویں نیشنل گیمز کے سوئمنگ مقابلوں میں پاکستان آرمی کے سوئمرز دوسرے روز بھی چھائے رہے ، 13گولڈ اور 4سلور میڈلز کیساتھ پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ سوئمنگ مقابلوں کیلئے نیشنل گیمز کی بجائے فینا ورلڈ ایکویٹک ڈے کے بینرز لگائے جانے پر چیمپئن شپ میں شریک کھلاڑیوں کے والدین نے حکومت اور پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تھرو بال میں سندھ نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی، فائنل بلوچستان اور کے پی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسکواش میں خیبر پختونخوا، نیوی، پنجاب اور ریلوے نے کامیابی حاصل کرلی۔ پاکستان آرمی اور واپڈ خواتین سافٹ بال فائنل میں پہنچ گئے، ہاکی میں پاکستان آرمی نے سندھ کو 13گول سے شکست دی۔ نیوی نے بلوچستان کو مات دی۔ بیس بال میں خیبرپختونخواہ نے پنجاب اور ایچ ای سی کو شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی۔ آرمی اور نیوی نے کبڈی فائنل میں جگہ بنالی۔ اسلام آباد میں ہونے والے روئنگ مقابلے میں آرمی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ واپڈ دوسری، ریلویز تیسری پوزیشن پر آگیا۔ جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق آرمی 43 گولڈ میڈل کے ساتھ پہلے، واپڈ25 گولڈ کے ساتھ دوسرے، اور نیوی 11 گولڈ میڈل کے ساتھ تیسرے پوزیشن نمبر پر ہے۔