فیملی ڈاکٹر کمسن لڑکی کوگروم کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا

November 16, 2019

لندن (نیوز ڈیسک) ایک44سالہ فیملی ڈاکٹر ایک 13 سالہ لڑکی کو آن لائن گروم کرنے کی کوشش کے دوران رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ 44 سالہ ڈاکٹر حفیظ اعوان کویہ معلوم نہیں تھا کہ وہ جسے لڑکی سمجھ کر گروم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وہ پولیس کا تفتیش کار ہے، اس طرح ڈاکٹر کو نامناسب میسیج بھیجنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا، ملزم 16 دن سے کئی کئی گھنٹے تک بات چیت کرتا رہا تھا۔ برطانوی اخبار سن کے مطابق ملزم چیٹ روم کا یوزر نام میڈک 333 استعمال کر رہا تھا، اس نے لڑکی سے پوچھا کہ تم غیر شادی شدہ ہو، کیا تم سکول میں ہو، اس نے اس سے اس کا نمبر بھی طلب کیا، کیونکہ وہ اس کی آواز سننا چاہتا تھا لیکن لڑکی کی جانب سے یہ بتائے جانے کے باوجود کہ اس کی عمر 13 سال ہے، لیڈز میں ملازمت کرنے والے پاکستان نژاد ملزم نے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا۔ ملزم نے جرم سے انکار کیا اور کہا کہ اس نے کوئی غلط کام نہیں کیا لیکن میڈیکل پریکٹیشنرز ٹریبونل سروس پینل نے اسے جنسی بدعملی کا مجرم قرار دیا۔ تفتیش کے دوران ہی اعوان کینیڈا چلا گیا، جہاں اس نے اپنا کلینک کھول لیا ہے۔