31دسمبر20ءتک بھٹوں کوزگ زیگ ٹیکنالوجی پرمنتقل کرنے پراتفاق

November 17, 2019

لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان، سیکرٹری تحفظ ماحولیات سلمان اعجاز، ڈی جی تحفظ ماحولیات، آل پاکستان بھٹہ ایسوسی ایشن کے صدرشعیب خان نیازی اور بھٹہ مالکان نے اجلاس میں شرکت کی-اجلاس میں 31دسمبر2020ء تک پنجاب میں تمام بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے پر اتفاق ہوا-پہلے مرحلے میں 4 ماہ میں سینٹرل پنجاب جہلم سے لیکر اوکاڑہ تک بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائیگا-مقررہ مدت تک زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے بھٹوں کومستقل بند کر دیا جائیگا- اجلاس میں پرانی ٹیکنالوجی پر بننے والے نئے 84بھٹوں کو فی الفور بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا-اگر یہ بھٹے آئندہ 2 ماہ میں زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہوئے تو انہیں گرادیا جائے گا-ان فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے آئندہ دو روز میں آل پاکستان بھٹہ ایسوسی ایشن سے باقاعدہ معاہدہ کیا جائیگا-صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں بھٹے بند کرکے عام آدمی کی مشکلات بڑھانا نہیں چاہتے- بھٹے چلتے رہیں گے لیکن کوئی بھٹہ غیرمعیاری ایندھن استعمال نہیں کرے گا- اگر کسی بھٹے پرغیرمعیاری ایندھن ٹائر، پلاسٹک اور بیٹری کے سیل وغیرہ استعمال ہونے کی شکایت آئی تو کارروائی ہوگی-