محکمہ خوراک پنجاب 336ارب روپے کا مقروض، رواں سال جنوری تا مارچ بنکوں کو 10ارب سے زائد سود ادائیگی کی

November 18, 2019

لاہور(تجمل گرمانی) پنجاب میں محکمہ خوراک کے گوداموں میں گزشتہ تین برسوں کے 12لاکھ ٹن سے زائد گندم کے ذخائر موجود ہیں، جن میں سال 2017کے 21ہزار ٹن، 2018کے ساڑھے 9لاکھ ٹن اور 2019کے 2لاکھ 27ہزار ٹن ذخائر شامل ہیں۔ ناظم محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے صوبائی اسمبلی کو بھیجی گئی دستاویزات کے مطابق گندم خریدنے کیلئے محکمہ خوراک کےذمے موجودہ سال 31مارچ تک بینکوں کی قابل ادا رقم 336ارب روپے ہے ، سٹیٹ بینک کی ہدایت پر محکمہ خوراک سال میں تین مرتبہ بینکوں کو سود ادا کر تا ہے اور رواں سال پہلی سہ ماہی جنوری تا مارچ کے دوران مجموعی طور پرجن 23بینکوں سے قرض لئے گئے، انہیں شرح سود کی مد میں 10ارب 44کروڑ روپے ادا کیا گیا۔ محکمہ خوراک نے اپریل تا جون 2018میں 6.66 فیصد شرح سود، جولائی تا ستمبر 2018 7.75فیصدسود، اکتوبر تا دسمبر 2018 میں 10فیصد سود،جنوری تا مارچ 2019 میں 12.23فیصدسود پر قرض لئے۔