مولانا فضل الرحمان کا پلان ناکام ہوچکا ہے‘ ڈاکٹر امجد

November 18, 2019

پشاور (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا پلان اے اسلام آباد میں ناکام ہوچکا ہے اور اب پلان بی کی ناکامی کے بعد وہ پلان سی کے تحت اپنا بوریا بستر گول کرلیں گے۔ پنجیگرام سوات میں سوئی گیس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کو مسترد کردیا ہے اور اب وہ اپنی ساکھ بچانے کے لئے تگ ودو کررہے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام اور اپوزیشن جماعتوں کے آزادی مارچ میں ناکامی ثابت کرتی ہے کہ عوام کا تحریک انصاف کی حکومت پر مکمل اعتماد ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ سیاسی شعور کے باعث اب عوام اپوزیشن جماعتوں کے پروپیگنڈے‘ جھوٹ پر مبنی کھوکھلے نعروں اور پالیسیوں کو سمجھ چکے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت میں صرف دعوے نہیں کئے جاتے بلکہ ان پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔ وزیر معدنیات نے کہا کہ حکومتی نمائندے عوام سے ایسا کوئی وعدے نہیں کرینگے جس کو پورا کرنے کی وہ سکت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل کئے جانے والے تمام وعدوں پر کام کا سلسلہ جاری ہے اس موقع پر صوبائی وزیر نے اہل علاقہ میں سوئی گیس میٹرز کے لئے ڈیمانڈ نوٹسز بھی تقسیم کئے۔ سوئی گیس افتتاحی تقریب میں ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان نے بھی شرکت کی۔