ٹریفک حادثات قوانین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہوتے ہیں، ایڈیشنل آئی جی

November 19, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ دنیا کی تمام مہذب اقوام اورمعاشروں میں قواعد و ضوبط،آئین، قانون اورنظم ونسق پرموثر طورپرعمل درآمد کیا جاتا ہے۔ گاڑیوں کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے روڈ حادثات میں اضافہ نہیں ہوتا بلکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے روڈ حادثات میں اضافہ ہوتاہے۔پاکستان کے مقابلے میں مغرب میں گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے لیکن روڈحادثات نہ ہونے کی وجہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے زیر اہتمام اور طاہرہ طارق کی زیرنگرانی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل آئی جی شابان نے کہا کہ روڈحادثات میں اضافے کی اصل وجہ ٹریفک قوانین کو نظر انداز کرنا ہے۔ایک سال کے دوران صرف کراچی میں 261 افراد روڈ حادثے کی وجہ سے موت کا شکارہوگئے ہیں جس میں 67 فیصد موٹر سائیکل سوار شامل ہیں اور اس میں اکثریت نوجوانوں کی ہے۔