ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں جدیدمشینری اورافرادی قوت کی قلت

November 19, 2019

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) وفاقی دارالحکومت کی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے شعبہ ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے درکار ضروری اور جدیدمشینری ،آلات اورافرادی قوت کی شدید قلت کا سامنا ہے، 25لاکھ آبادی کے شہر کیلئے 50یونین کونسلوں میں آتشزدگی، قدرتی آفات،زلزلے سمیت دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے افسران ،ملازمین اورعملے پر مشتمل صرف 565افرادی قوت ،ایک ریسکیو وہیکل، 4 ایمبولینسز، 4اسنار کل، جن میں سے 2اسنارکل خراب ،اور کل 34چھوٹی بڑی گاڑیاں ،جن میں سے 12 خراب ہیں۔ مذکورہ ڈائریکٹوریٹ کو گزشتہ سال سے اب تک بجٹ کی مد میں ایک روپیہ بھی نہیں ملا، 2006 کے بعد مذکورہ شعبہ کیلئے آج تک کوئی مشینری اور آلات نہیں خریدے گئے، شعبہ کو موجودہ مشینری کی مرمت کیلئے 1ارب 80کروڑ جبکہ نئی مشینری و آلات کی خریداری کیلئے3ارب روپے درکار ہیں۔ ڈائریکٹر ای اینڈ ڈی ایم کا کہنا ہے کہ انتہائی کم وسائل میں بھی ہماری کارکردگی بہت بہتر ہے،مذکورہ شعبے کا دائرہ کا ر اب بڑھ چکاہے جس کے مطابق سہولیات درکارہیں۔