منرل واٹر کے نام پر فروخت 5 برانڈز کا پانی آلودہ ہونے کا انکشاف

November 20, 2019

اسلام آباد (ساجد چوہدری)پینے کے صاف پانی (منرل واٹر ) کے نام پر 5 برانڈز کی طرف سے مبینہ طور پر آلودہ پانی فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ جس کے پینے سے مختلف قسم کی بیماریاں ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان آبی وسائل کی تحقیقی کونسل (پی سی آر ڈبلیو آر) نے جولائی تا ستمبرکی سہ ماہی میں اسلام آباد ،راولپنڈی،کراچی، ملتان، لاہور ، پشاور، بہاولپور، ٹنڈوجام اور کوئٹہ سے بوتل بند/ منرل پانی کے 101 برانڈز کے نمونے حاصل کئے اور ان نمونوں کا پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے)کے تجویز کردہ معیار کے مطابق تجزیہ کیا تو اس تجزیئے کے مطابق 5 برانڈز (تاج پیور واٹر، لیوان، سن لے، ایم ایم پیور ڈرنکنگ واٹر اور جامی واٹر) کے نمونے آلودہ پائے گئے۔ جن میں سوڈیم کی مقدار سٹینڈرڈ سے زیادہ (60 سے لے کے187 پی پی ایم) پائی گئی جبکہ پینے کے پانی میں اس کی حدِ مقدار صرف 50 پی پی ایم تک ہےجبکہ تاج پیور واٹر کے نمونوں میں پوٹاشیم کی مقدار سٹینڈرڈ سے زیادہ پائی گئی اور ایم ایم پیور ڈرینکنگ واٹر کے نمونوں میں ٹی ڈی ایس اور کلورائیڈ کی مقدار بھی سٹینڈرڈ سے زیادہ پائی گئی۔