ملک دشمن نعروں کا الزام،سندھ یونیورسٹی کے 14 طلبا پر مقدمہ

November 20, 2019

جامشورو (نامہ نگار) ملک کے خلاف نعرے بازی، چاکنگ، دنگا فساد کا الزام، جامعہ سندھ کے ایک نامعلوم سمیت 14 طلبہ پر 20 دن بعد مقدمہ درج ، غداری کی دفعات شامل، گرفتاری کے لئے چھاپے،ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات سندھ یونیورسٹی سوسائٹی پولیس چیک پوسٹ کے انچارج انسپیکٹر غلام قادر پنھور نے جامشورو تھانے پر جامعہ سندھ کے ایک نامعلوم سمیت 14 دیگر طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ 31 اکتوبر 2019 ء کو شام چھ بجے ایک اطلاع پر ہم جامعہ سندھ کے بوائز ہاسٹل پہنچے تو وہاں درج بالا طلبہ ودیگر نامعلوم افراد دنگا فساد،سندھو دیش کے حق اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے، انھوں نے ملک کے خلاف چاکنگ بھی کررکھی تھی لہٰذا مقدمہ درج کیا جائے۔ جسکے بعد زیر دفعہ 120A, 120B, 123A, 124, 153 ppc دنگا ، فساد، ارادہ جرم، پاکستان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا۔ رابطہ کرنے پر ایس ایچ او جامشورو نثار شاہ نے بتایا کہ مذکورہ تاریخ کو ان افراد نے دنگا فساد کرتے ہوئے غیر ملکی طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور پاکستان کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے وال چاکنگ بھی کی تھی جسکی تحقیقات کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔