آلودگی اورسموگ سے مسائل میں اضافہ ہوگا، مقررین

November 20, 2019

لاہور(جنرل رپورٹر ) ماہرین صحت نے قرار دیا ہے کہ دنیا کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، گلوبل وارمنگ ایک بہت مسئلہ ہے جس کی وجہ سے مستقبل میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ جیسے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔ مذکورہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاری کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار مقررین اور ماہرین نے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں سموگ سے آگاہی کے بارے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ خالد مقبول نےکہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ابھی سے تیاری کرنا ہوگی ۔ ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی ڈاکٹر سہیل ثقلین نےکہاکہ انڈسٹریلائزیشن، تیزی سے شہروں کا پھیلائو، گاڑیوں کا دھواں ، فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ جلانے سے پیدا ہونے والا دھواں فوگ کے ساتھ شامل ہوکر سموگ پیدا کرتا ہے جو انسانی صحت اور صلاحیتوں کو متاثر کرتاہے ۔ دیگر ماہرین نے کہاکہ عوام سموگ سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔