نیدرلینڈ سے برطانیہ جانے والے ریفریجریٹڈ کنٹینر سے 25 افراد برآمد

November 21, 2019

لندن (نیوز ڈیسک) نیدرلینڈ سے فیری کے ذریعہ برطانیہ جانے والے ایک ریفریجریٹڈ کنٹینر سے 25 افراد برآمد ہوگئے، جہاز کے ٹریکنگ ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ کی ایک سی ویز فیری برطانیہ سے روانگی کے بعد شام 5 بجے ولارڈنگن سٹی کی بندرگاہ پر پہنچی، اسے دراصل فیلکس سٹوو سفلک جانا تھا، کنٹینر میں لوگوں کی موجودگی کا پتہ وہاں موجود افراد کی جانب سے کنٹینر میں کئے گئے ایک سوراخ کی وجہ سے چلا، کنٹینر سے برآمد ہونے والے 2 افراد کو حالت خراب ہونے کی وجہ سے فوری طور پر ہسپتال بھیجا گیا جبکہ بقیہ23 افراد کو پولیس نے حراست میں لے کر بندرگاہ سے ایک بس کے ذریعے حراستی مرکز پہنچا دیا، شپ آپریٹر ڈی ایف ڈی ایس کے مواصلات کے شعبے کے نائب صدر گرٹ جیکب سن نے بتایا کہ تارکین کا پتہ کنٹینر میں چھید کئے جانے سے چلا، انڈیپنڈنٹ میں شائع ہونے والے خبر کے مطابق کنٹینر سے برآمد ہونے والے تارکین کی عمر اور قومیت کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ اس واقعے سے ایک ماہ سے بھی کم عرصہ قبل ایسکس میں ایک ٹرک سے 39 ویتنامی باشندوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جیکب سن نے بتایا کہ پولیس بندرگاہ پر فیری کے انتظار میں تھی ان لوگوں ایمبولنسوں کے ذریعہ ہسپتال پہنچایا گیا انھوں نے بتایا کہ چیکنگ کے بارے میں ہمیں کچھ علم نہیں ہے تاہم یہ بات طے ہے کہ ان کی حالت تسلی بخش نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ اپنی نوعیت کا کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے لیکن ریفریجریٹڈ کنٹینر لوگوں کی اسمگلنگ کا یہ اپنی نوعیت کا نیا واقعہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری جانب سے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی کوششوں کے باوجود اس طرح کے واقعات ہوہی جاتے ہیں، جہاز میں ممکنہ طور پر موجود دیگر افراد کاپتہ چلانے کیلئے کتوں کی خدمات حاصل کی گئیں لیکن بعد میں مزید کوئی نہیں ملا۔