اکیلا بھی مافیا سے لڑوں گا، پارٹی فکر نہ کرے فارن فنڈنگ کیس سے کچھ نہیں نکلے گا، وزیراعظم

November 21, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

اکیلا بھی مافیا سے لڑوں گا، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو چیف جسٹس آف پاکستان کے بیان پر تبصرے سے روکتے ہوئے کہاہے کہ عدالت نے جو فیصلہ دیا اسے تسلیم کیا۔

عدالتی فیصلے کے بعد نواز شریف بیرون ملک روانہ ہوئے‘ فارن فنڈنگ کیس میں کچھ نہیں نکلے گا‘پارٹی فکر نہ کرے‘ اطمینان رکھیں‘پی ٹی آئی کے سارے اکاؤنٹس کی آڈٹ رپورٹس موجود ہیں‘ اپنے مؤقف اور نظریہ پر ڈٹ کر کھڑا ہوں‘میں اکیلا بھی ہوا تو مافیا کا مقابلہ کروں گا۔

مولانا فضل الرحمان کی سیاست ختم ہو چکی ہے‘وہ اب خفت مٹا رہے ہیں‘ نواز شریف کی صحت پر کوئی سیاست نہیں کریں گے، لوگ خود نواز شریف کی لندن میں سرگرمیاں دیکھ رہے ہیں‘ شریف فیملی پاکستانی عوام کے سامنے مکمل بے نقاب ہو چکی‘ معیشت ٹھیک ہونے پر اپوزیشن پریشان ہے۔

اگر کرپشن نہ ہوتی تو ریکوڈک جیسے منصوبوں سے تانبا اور سونا نکل آتا اور سالانہ اربوں روپے حاصل ہوتے‘ ملک ایسے نہیں چل سکتا‘ تاجر ٹیکس دیں‘ حکومت طویل مدتی پالیسیوں پر عمل کرے گی‘ افغان ٹرانزٹ ٹریڈکی سہولت کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسلام آباد میں تقریب اور مختلف اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ عمران خان سے وفاقی وزراء شیخ رشید ‘ مخدوم خسرو بختیار اور بدھ راہبوں کے وفد نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو چیف جسٹس آف پاکستان کے بیان پر تبصرے سے روک دیا۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ‏عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں‘ اطمینان رکھیں، تحریک انصاف کے سارے اکاؤنٹس کی آڈٹ رپورٹس موجود ہیں‘ اپنے مؤقف اور نظریہ پر ڈٹ کر کھڑا ہوں‘میں اکیلا بھی ہوا تو مافیا کا مقابلہ کروں گا‘ مولانا فضل الرحمان کی سیاست ختم ہو چکی ہے‘وہ اب خفت مٹا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بیان پر تبصرے سے روکتے ہوئے کہا کہ عدالت نے جو فیصلہ دیا اسے تسلیم کیا‘ لوگ خود نواز شریف کی لندن میں سرگرمیاں دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا جن بیٹوں نے استقبال کیا وہ پاکستان میں اشتہاری ہیں، نواز شریف نے لندن میں جس فلیٹ پر قیام کیا اس کی ملکیت نہ ثابت کر سکے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنی سیاست زندہ رکھنے کے لیے حکومت کے خلاف بیانیہ بنا رہی ہے‘ اپوزیشن کو معلوم ہے معیشت ٹھیک ہو گئی تو ان کی سیاسی دکانیں بند ہو جائیں گی۔

دریں اثناء بدھ کو یہاں برآمد کنندگان میں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے ریفنڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک ایسے نہیں چل سکتا‘ تاجر برادری ٹیکس دے ‘ حکومتی اقدامات کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔