اسلامی معاشرے میں حسن اخلاق کو بنیادی اہمیت حاصل ہے ،مفتی محمد نعیم

November 21, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہاسلامی معاشرے میں حسن اخلاق کو بنیادی اہمیت حاصل ہے ، ایک دوسرے پر الزام ،گالیوں سے سیاستدان وحکمران اخلاقیات کا جنازہ نکال رہے ہیں ،مفاد پرستی کی سیاست سے ملک کو نقصان پہنچ رہاہے،ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کیلئے حکمرانوں وسیاستدانوں کو متحدہونے کی ضرورت ہے۔مفتی محمد نعیم نے مزیدکہاکہ معاشرہ اخلاقی تنزلی کا شکار ہوتا جارہاہے، سیاسی لیڈر اپنی تقریروں میں ایک دوسرے کیخلاف جس قسم کی زبان استعمال کررہے ہیں اس کے برے اثرات معاشرے پر پڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم مجموعی طورپر دیکھیں تو ملک میں جمہوری نظام حکومت مکمل فیل ہوچکاہے ، وطن عزیز کو نعروں میں نہیں حقیقی طور پر مدینے کی ریاست بنانے کی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ، 73سال سے ملک اسی جگہ کھڑاہے جہاں سے چلے تھے ، بھاری بھرکم قرضے لیکر ملک کوآئی ایم ایف میں گروی رکھ دیا گیاہے تو دوسری جانب حکمران طبقہ تجوریاں بھرنے میں مصروف رہاہے۔انہو ں نے کہاکہ حکمران طبقے کو اپوزیشن پر تنقید سے وقت نہیں ملتا اور غریب طبقے کا حال یہ ہے کہ آج زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہوچکے ہیں۔