شاعر اور ادیب ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے تجاویز دیں،شفقت محمود

November 21, 2019

اسلام آباد(وقائع نگار) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ہم کلچر اور ادبی ورثے کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں،ہم چاہتے ہیں اداروں کے مستقبل سربراہان آئیں،ثقافتی ورثے کو آگے لے جانے کیلئے شاعروں اور ادیبوں کی تجاویز درکار ہیں۔ وہ اکادمی ادبیات پاکستان میں علامہ اقبال کے سلسلے میں 5روزہ افتتاحی تقریب سے مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ افتتاحی اجلاس کی مجلس صدارت میں پروفیسر فتح محمد ملک، اسلم کمال، یوسف شاہین، یوسف گچکی،پروفیسر گوہر نویداور سینیٹر ولید اقبال شامل تھے۔ شفقت محمودنے کہا کہ اقبال کی فکر اور ان کے پیغام کے حوالے سے ماہرین اور دانشوروں کی گفتگو اور شرکت سے نوجوان مستفیض ہوں گے۔ڈاکٹر انعام الحق جاوید ، چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان نے ابتدائی کلمات ادا کیے۔ پروفیسر فتح محمد ملک نے کہا کہ اقبال کا کلام اور پیغام ہمارے لئے فکری ،علمی اور تہذیبی سرمایہ ہے۔ اس موقع پرعلامہ اقبال کے حوالے سے خطاطی اور پینٹنگز کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے ۔