’گنبد نما چھت‘ گھر کو خوبصورتی اور گہرائی بخشتی ہے

December 01, 2019

گنبد نما چھت کسی بھی تعمیرات منصوبے کو نہ صرف خوبصورتی اور آرکیٹیکچرل گہرائی بخشتی ہے بلکہ جہاں گنبد تعمیر کیا جاتا ہے، وہ جگہ یا کمرہ بھی کشادہ اور بڑا لگتا ہے۔ اس کے علاوہ گنبد والا گھر دور سے ہی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جاتا ہے۔ اگر آپ اپنے گھر کی تعمیر میں گنبد کو شامل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو چند باتوں پر غور کرنا ہوگا۔

تعمیراتی ماہرین کا کہنا ہے کہ گنبد نماچھت فطری لحاظ سے کلاسیکی خصوصیات کی حامل ہوتی ہے جبکہ اس کا ڈیزائن متناسب ہوتا ہے۔ متناسب سے مراد یہ ہے کہ گنبد نما چھت چاروں اطراف سے ایک ہی حجم کی ہوتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں، ’’اگر آپ متناسب تعمیرات پسند کرتے ہیں تو گنبد نما چھت آپ ہی کے لیے ہے‘‘۔

شکاگو میں کام کرنے والی آرکیٹیکٹ گیریٹ ایکین کہتی ہیں، ’’گنبد نما چھت کا ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہوتا ہے کہ اس میں آپ کو گھر میں قدرتی روشنی حاصل کرنے کے بے پناہ مواقع دستیاب ہوتے ہیں۔ گنبد نما چھت نہ صرف ایک عملی انتخاب ثابت ہوتی ہے بلکہ یہ قدرتی روشنی کو گھر میں داخل کرکے اسے جمالیاتی حسن بھی بخشتی ہے‘‘۔

گھروں میں عمومی طور پر گنبد نما چھت کے لیے داخلی ہال، لیونگ روم اور ڈائننگ ایریا کا انتخاب کیا جاتا ہے، تاہم ماہرین کہتے ہیں کہ آپ اپنے ذوق کے مطابق، جہاں چاہیں گنبد نما چھت تعمیر کرواسکتے ہیں۔ کئی لوگ گنبد نما چھت کے لیے لائبریری روم اور ماسٹر بیڈ روم کا بھی انتخاب کرتے ہیں۔

گیریٹ ایکین کہتی ہیں کہ جب آپ اپنے گھر کے داخلی ہال کے لیےگنبد نما چھت کا انتخاب کرتے ہیں تو اس وقت یہ بات ذہن میں رکھیں کہ آپ کس طرح کا تاثر قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ’’میرے خیال میں داخلی ہال میں گنبد نما چھت ٹرینڈی اور جدت پسندی کا تاثر قائم کرتی ہے۔ آپ کو اپنے گھر کے مجموعی ڈیزائن کومدِنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ آپ گنبد نما چھت گھر کے کس حصے میں بنانا چاہتے ہیں۔ غلط جگہ کا انتخاب یہ تاثر دیتا ہے کہ آپ صرف دِکھاوے کے لیے گنبد نما چھت بنوانا چاہتے ہیں، جوکہ ایک اچھا تاثر نہیں ہے‘‘۔

گنبد نما چھت تعمیراتی مرحلے میں زیادہ منصوبہ بندی مانگتی ہے اور اسے تعمیر کرنے کے لیے بھی آپ کو انتہائی ماہر کاریگروں کی ضرورت ہوگی۔ ’’اگر آپ گنبد نما چھت تعمیر کروانا چاہتے ہیں تو اس سلسلے میں میرا مشورہ یہ ہوگا کہ سب سے پہلے کسی ماہر کاریگر کو تلاش کریں اور اس سے کہیں کہ جو گنبد نما چھت یا چھتیں اس نے پہلے تعمیر کی ہیں، وہ بھی آپ کو دِکھائے۔ آپ کو ہر لحاظ سے اس بات کی تسلی ہونی چاہیے کہ آپ نے بالکل درست کاریگر اور ماہر ٹھیکیدار کا انتخاب کیا ہے‘‘، گیریٹ ایکین کہتی ہیں۔

نارتھ ہیمپٹن میں کام کرنے والی تعمیراتی کمپنی ساؤتھ وِک کنسٹرکشن کی سربراہ ٹیری ساؤتھ وِک کہتی ہیں، ’’گنبد نما یا گول چھت ایک ایسا تعمیراتی نمونہ ہے جو آپ کے تعمیراتی منصوبے یا گھر کو دیگر سے نمایاں کرتا ہے‘‘۔ گنبد نما چھت کے رنگ و روغن کے حوالے سے وہ کہتی ہیں، ’’گنبد کی چھت پر آپ ہلکا یا پھر سفید رنگ کرسکتے ہیں یا اسے آسمان کے رنگ جیسا پینٹ کروادیں، مزید برآں گھر کی آرائش کے مطابق اس میں مزید فیچرز بھی دے سکتے ہیں‘‘۔

گنبد نما چھت کو مزید نمایاں کرنے کے لیے آپ اس کے احاطے کو LEDلائٹنگ سے سجا سکتے ہیں، یہ آپ کے گھر کو کلاسیکی رنگ دینے کا کام کرے گی۔ وہ کہتی ہیں، ’’یہ بات ٹھیک ہے کہ اس سے آپ کے منصوبے کی لاگت کچھ بڑھ جائے گی کیونکہ یہ ایک خاص فیچر ہے، تاہم اگر آپ درست ٹھیکیدار کا انتخاب کرلیں تو مناسب پیسوں میں آپ کا اچھا کام ہوجائے گا‘‘۔

ڈوم سِیلنگ کِٹس

گنبد کے اندرونی حصے کو دلکش بنانے کے لیے اب مارکیٹ میں ’ڈوم سِیلنگ کِٹس‘ بھی آچکی ہیں، جنھیں اپنی ضرورت کے مطابق کاٹ کر اور پینٹ کرکے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ان کِٹس کو آپ اپنی ضرورت اور حجم کے مطابق کاٹ کر فریم بناسکتے ہیں اور کمرے کو ایک زبردست انداز فراہم کرسکتے ہیں۔

گنبد نما چھت اور گھر کی قیمت

یہ سوال بھی اہم ہے کہ اگر آپ مستقبل میں کسی وجہ سے اپنے گھر کو بیچنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو گنبد نما چھت کا اس کی قیمت پر کیا اثر پڑے گا؟ کیا نئے خریدار آپ کے ذوق کے معترف ہوں گے یا اسے نظر انداز کردیں گے؟ ماہرین کے مطابق اس بات کا دارومدار دوسرے شخص کے ذوق پر ہی ہوگا۔ تاہم تعمیراتی ماہرین کا ماننا ہے کہ گھر خریدنے والے اکثر افراد کی خواہشات کی فہرست میں گنبد نما چھت شامل نہیں ہوتی۔