ٹرمپ کا مواخذے کی کارروائی کیلئے کانگریس کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہونیکا فیصلہ

December 03, 2019

واشنگٹن (آئی این پی، جنگ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف مواخذے کی کارروائی کے لیے بنائی گئی کانگریس کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ ایوانِ نمائندگان کے اندر صدر کے ممکنہ مواخذے کے سلسلے ميں جاری کارروائی میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا اُن کے وکیل شریک نہیں ہوں گے۔ بیان کے مطابق مواخذے کی کارروائی میں مبينہ عدم شفافیت کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ کانگریس کی جوڈیشری کمیٹی کے چیئرمین جیروڈ نیڈلر نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ یا تو کانگریس کے روبرو پیش ہوں یا پھر مواخذے کی کارروائی کے عمل سے متعلق شکایات بند کر دیں۔کانگریس کمیٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو 4 دسمبر کو طلب کرتے ہوئے یکم دسمبر تک مہلت دی تھی کہ بتایا جائے آپ مواخذے کی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے پیش ہوں گے یا نہیں؟۔