مالٹا میں صحافی کی ہلاکت، یورپی پارلیمنٹ کا وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

December 04, 2019

کراچی (نیوز ڈیسک) یورپی ملک مالٹا میں صحافی کی ہلاکت کے بعد امن عامہ کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پہنچنے والے یورپی پارلیمنٹ کے وفد نے ملک کے وزیراعظم جوزف ماسکوٹ سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ ماسکوٹ نے صحافی ڈیفنی کے قتل کے بعد تحقیقات بہتر انداز سے کرانے پر اصرار کیا ہے تاہم، یورپی وفد نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ یورپی وفد کے رکن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو خود بھی اس بات کا اندازہ ہے کہ تحقیقات کے معاملے میں سنگین غلطیاں کی گئی ہیں اور ہماری رائے ہے کہ غلطی کا احساس ہونے کے بعد بھی اپنے عہدے پر رہنا ایک اور غلطی ہے۔ وزیراعظم ماسکوٹ نے صورتحال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔