ناصر حسین کی محبت میں تاعمر کسی سے شادی نہیں کی، آشا پاریکھ

December 06, 2019

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ کی ماضی کی معروف اداکارہ آشا پاریکھ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ’وہ جسے سب سے زیادہ چاہتی تھیں ان کے ساتھ شادی نہیں کر سکیں۔‘وہ 60اور 70 کی دہائی کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں اور انھوں نے تا عمر شادی نہیں کی جس کی وجہ بولی وڈ اسٹار عامر خان کے چچا ناصر حسین سے ان کی محبت تھی۔ انھوں نے اپنی سوانح حیات ’دی ہٹ گرل‘ میں بھی اس کا اظہار کیا ہے کہ وہ فلم ساز ناصر حسین سے محبت کرتی تھیں۔اس کے علاوہ انھوں نے اس سے قبل کئی مرتبہ یہ بات سر عام بھی کہی ہے۔ حال ہی میں ایک میگزین کے ساتھ انٹرویو کے دوران انھوں نے کہا کہ ’ناصر صاحب واحد شخص ہیں جن سے میں نے محبت کی ہے۔ میں ان کی محبت میں گرفتار ہو گئی تھی۔ میں نے ان سے محبت کی لیکن ان کی نہ ہو سکی۔انھوں نے خود نوشت کے بارے میں کہا کہ ’اگر میں اپنی سوانح حیات میں ایسے لوگوں کے بارے میں نہ لکھ سکوں جو میری زندگی میں اہمیت رکھتے تھے تو پھر سوانح لکھنا بے کار ہے۔‘آشا پاریکھ نے کہا کہ ’وہ ان سے شادی اس لیے نہیں کر سکیں کہ وہ پہلے سے ہی شادی شدہ تھے اور وہ کسی کا گھر توڑنا نہیں چاہتی تھیں۔‘خیال رہے کہ ناصر حسین نے 1959 میں فلم ’دل دے کے دیکھو‘ سے آشا پاریکھ کا کیریئر شروع کیا تھا۔ اس کے بعد وہ 1971 میں آنے والی فلم ’کارواں‘ تک ان کی ہر فلم میں شامل رہیں۔ آشا پاریکھ کی اہم فلموں میں ’دو بدن‘، ’کنیا دان‘ اور ’کٹی پتنگ‘ وغیرہ بہت مقبول ہوئیں۔