اخلاقیات کی قوت ہوگی تو معاشی اور معاشرتی نظام چلے گا:پروفیسر یوسف فاروقی

December 06, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)اسلامک ریسرچ سنٹر زکریایونیورسٹی میں سابق ڈائریکٹر جنرل ،ڈین شریعہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف فاروقی نے خطبات قرآن حکیم کے آخری لیکچر میں کہاکہ انسان کے کردار کی 3 بنیادی چیزیں علم ، ایمان اور اخلاق ہیں ، ان بنیادی چیزوں کی بنیاد پر ایک تہذیب وجود میں آتی ہے، یہ بنیادی چیزیں اپنے کردار میں پیدا کریں تو ہر شعبہ آپ کے لئے ایک مسلمان شعبہ بن جائے گا ، اگر آپ میں اخلاقیات کی قوت ہوگی تو معاشی اور معاشرتی نظام چلے گا، تہذیب کی بنیاد اخلاق اور اخلاق کی بنیاد محبت ہے، قرآن مجید پر عمل نہ کرنے کے سبب آج امت مسلمہ پستی اور زوال کا شکار ہے، پروفیسر ڈاکٹر محمد شفقت اللہ نے کہاکہ پرسکون زندگی گزارنے کا سب سے بہتر حل یہ ہے کہ ہم قرآنی تعلیمات کی روشنی میں اپنی زندگی ڈھالیں، ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے کہاکہ پریشانیوں ، غربت، مہنگائی و بے روزگاری اور معیشت کی زبوں حالی کا علاج صرف قرآن مجید کے نظام میں ہے،سیمینار میں چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس لودھی فیکلٹی ممبران و طلباء طالبات نے شرکت کی۔