علم کے فائدے

December 07, 2019

شفیع الدین نیّرؔ

علم اک لازوال دولت ہے

علم اک بے مثال طاقت ہے

علم ہی سے خدا کو پہچانا

علم ہی سے برا بھلا جانا

علم ہی سب ہنر سکھاتا ہے

علم ہی آدمی بناتا ہے

علم ہی سے آدمی کی عزت ہے

علم سے آدمی میں ہمت ہے

علم نے عقل کو جِلا دی ہے

نئی دنیا ہمیں دکھا دی ہے

ہر سمندر میں تیرنے کے لیے

بن گئے علم سے جہاز نئے

ہر طرف اڑ رہے ہیں طیارے

ہیں بنے علم سے یہ سارے

علم کی دھن جسے لگی ہی نہیں

سچ تو یہ ہے، وہ آدمی ہی نہیں

یہ اثر ہو دعائےنیّرؔ میں

علم کی روشنی ہو گھر گھر میں