پارلیمنٹ ڈائری:کورم کا آسیب بدستور اسکا تعاقب کررہا ہے

December 07, 2019

اسلام آباد(محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں کورم کا آسیب بدستور اس کا تعاقب کر رہا ہے، حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مناقشہ جاری ہو تو ایوان کا پرسکون طور پر چلنا دشوار ہو جاتا ہے، جب فریقین میں نفرتیں بام عروج پر پہنچ چکی ہوں تو کارروائی کا شروع ہونا اور جاری رہنا بھی محال بن جاتا ہے۔ حکومت اور اس کے مخالفین کے درمیان کشیدگی اب کھلی جنگ میں تبدیل ہو رہی ہے ان میں سماجی راہ و رسم بھی دائو پر لگ گئے ہیں، وہ تمام باتیں اور امور جنہیں قومی اسمبلی کے ایوان میں زیربحث ہونا چاہئے یا انہیں اٹھانا مستحب ہے، پارلیمنٹ سے باہر ہوتی ہیں۔وہ تمام الزامات جو ایک روز قبل وفاقی حکومت کے کل پرزوں نے قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ان کے خانوادے کے دیگر ارکان کے خلاف زوروشور سے عائد کئے گئے اس موقع پر ایک وفاقی وزیر جو قومی اسمبلی کے رکن بھی ہیں۔ گفتگو کے دوران اس کی تائید اور حوصلہ افزائی کے لئے موجود رہے۔