لاہور: ائیرکنڈیشنرز کی دکان میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق

December 07, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

لاہور میں ائیرکنڈیشنرز کی دکان میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مذکورہ دھماکا ٹاؤن شپ کے علاقے میں محمد علی چوک کے قریب دکان میں ٹول کٹ پھٹنے سے ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ اے سی مکینک حافظ محمود جاں بحق اور دیگر 4 افراد زخمی ہوگئے۔

امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق مکینک حافظ محمود جب اے سی کی کٹ لگارہا تھا تو عین اسی وقت دھماکا ہوگیا۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ابتدائی تحقیقات میں ٹاؤن شپ دھماکےکو سلنڈر دھماکا قرار دے دیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق تحقیقات میں ابتدائی طور پر سلنڈر کے ٹکڑے ملے ہیں، بارود کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موقع سے ملنے والے سیمپلز کو ٹیسٹ کے لیے بھجوادیا گیا ہے اور رپورٹ آنے کے بعد حتمی طور پر کچھ بتایا جاسکے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے علاقے چوبرجی میں ملتان روڈ پر رکشے میں دھماکے سے 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔