وسیم اکرم چیئرمین کرکٹ کمیٹی کیلئے مضبوط امیدوار

December 09, 2019

کرکٹ کمیٹی کے رکن اور سابق کپتان وسیم اکرم کرکٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیے جانے لگے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی، سابق کپتان وسیم اکرم سے چیئرمین کرکٹ کمیٹی سے متعلق بات کرے گی، جبکہ اس معاملے میں کمیٹی کے دیگر اراکین کے لیے بھی کرکٹرز سے ملاقات کی جائی گی۔

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا اعلان اگلے دو ہفتوں میں کر دیا جائےگا ، نئی کرکٹ کمیٹی میں وسیم خان کے علاوہ کرکٹ بورڈ کا کوئی دوسرا عہدیدار شامل نہیں ہوگا۔

اس وقت کمیٹی میں دائریکٹر کرکٹ ذاکر خان ، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر شامل ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے قبل کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہونا ہے۔

وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے عہدے سے دستبردار

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے عہدے سے دستبردار ہوگئے ہیں اور اب کرکٹ کمیٹی کا نیا چیئرمین سابق کرکٹر ہوگا۔

کرکٹ کمیٹی کا پس منظر

یاد رہے کہ پی سی بی نے محسن حسن خان کی سربراہی میں گزشتہ برس کرکٹ کمیٹی قا ئم کی جس میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور ویمن کرکٹر عروج ممتاز کو شامل کیا گیا۔

محسن حسن خان نے چئیرمین شپ چھوڑی تو وسیم خان کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی تھیں۔

مصباح الحق نے جب ہیڈ کوچ کے لیے درخواست دی تو وہ بھی کمیٹی سے الگ ہو گئے تھے۔