دادو، 9سالہ لڑکی کا قتل، موت کی ابتدائی رپورٹ جاری

December 09, 2019


دادو میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل ہونے والی 9 سالہ لڑکی گل سماء کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی خصوصی میڈیکل بورڈ کی ٹیم نے موت کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔

میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گل سماء رند کی کھوپڑی، نچلے جبڑے کی ہڈی اور 4 پسلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جس طرح لڑکی کی ہڈیا ں ٹوٹی ہیں اس کی وجہ کسی بھاری چیز کا گرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: غیرت کے نام پر 9 سالہ لڑکی سنگسار، والدین سمیت 4 گرفتار

میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھاری چیز سے ہڈیاں ٹوٹنے کے سبب گل سماء کی موت واقع ہوئی جبکہ لڑکی کے جسم سے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے ہیں، جبکہ ان نمونوں کا کیمیکل ایگزامینشن کرکے زہر خورانی اور ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔

میڈیکل ٹیم نے کہا ہے کہ حتمی رپورٹ ڈی این اے رپورٹ آنے کے بعد جاری کی جائے گی۔

حیدر آباد کے سول اسپتال کے پولیس سرجن ڈاکٹر بنسی لال نے ابتدائی رپورٹ کی تصدیق کرنے کے بعد رپورٹ متعلقہ پولیس کے حوالے کردی ہے۔