پراپرٹی ڈیلر کے قاتلوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، ڈی آئی جی

December 10, 2019

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ امن و امان کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ نواں کلی میں جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کریں گے، حضرت خان کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز نواں کلی پشتونستان چوک پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پراپرٹی ڈیلر حضرت خان کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر بات چیت میں کیا۔ اس موقع پر ایس ایچ اوزرغون آباد جمیل الرحمنٰ بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی تحفظ کیلئے اقدمات اٹھائے ہیں، نواں کلی میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر جلد قابو پا یا جائے گا، پولیس اپنے محدود وسائل میں رہ کر جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھر پورکارروائی کر رہی ہے، قانون سے کوئی بالاتر نہیں ،حضرت خان کے قتل میں جو بھی ملوث ہوا اسے معاف نہیں کیا جائے گا اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ عوام کوتحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، عوام بھی ہمارے ساتھ بھر پورتعاون کریں، انہوں نے کہا کہ حضرت خان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا۔