ڈرامہ اور فلم کی اداکاری تھیٹر کیلئے موزوں نہیں ہے، خالد احمد

December 13, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) معروف ڈرامہ نگار و اداکار خالد احمد نے کہا ہے کہ ڈرامہ اور فلم کی اداکاری تھیٹر کے لئے موزوں نہیں ہے ،تھیٹر میں کام کے لئے سیکھنا پڑتا ہے،فلم اور ٹی وی کے اداکاروں کو تھیٹر میں جو محنت کرنے پڑتی ہے اس کا تصور نہیں ہے ۔یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز نیشنل آکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) میں 19 دسمبر سے شروع ہونے والے ڈرامہ کنگ لیئر کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کی ،اس موقع پر ان کے ہمراہ ناپا کے آرٹسٹک ڈائریکٹر زین احمد،اداکارہ میرا سیٹھی،اداکار پارس مسرور،،میثم نقوی ،شبانہ، فرحان اور دیگر موجود تھے۔خالد احمد نے کہا کہ کنگ لیئر شیکسپیئر کا کھیل ہےتو کوئی یہ نہ سمجھے کہ بھاری بھرکم شے ہوگی جو کسی کی سمجھ میں نہیں آئے گی،بلکہ یہ ایک کلاسیکل اوربالکل ساد ہ کھیل ہے،ڈھائی گھنٹے کے اس کھیل میں مزاح،تلواروں کی لڑائی کے ساتھ موسیقی بھی ہے، جو شہر کے لوگوں کو بھر پور تفریح فراہم کرے گی۔ضیاءمحی الدین کی ہدایات میں یہ ڈرامہ 19 سے 29 دسمبر تک روزانہ رات 8 بجے ناپا کے تھیٹر میں پیش کیا جائے گا۔کنگ لیئر ولیم شیکسپئر کے آفاقی کھیلوں میں سے ایک ہے،اس کی کہانی کچھ یوں ہے کہ ایک بوڑھا بادشاہ اپنی مملکت اور امور سلطنت اپنی تین بیٹیوں میں سے ان دو شاطر بیٹیوں کے نام کردیتا ہے جو خوشامد اور چاپلوسی سے اسکی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملاتی ہیں جبکہ تیسری بیٹی اپنی بہنوں کے برعکس صداقت سے اپنے بات سے محبت کا اظہار کرتی ہے ،بادشاہ کو بیٹی کی صاف گوئی سخت ناگوار گزرتی ہے اور وہ برہم ہوکر اسے وراثت میں سے کچھ نہ دے کر خود سے دور کردیتا ہے،بعد ازاں ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب نوازی گئی دونوں عیار بیٹیوں کا ستایا بادشاہ انکے نازیبا اور توہین آمیز رویہ سے دلبرداشتہ ہوکر دیوانگی کی حدوں کو کو چھونے لگتا ہے اور اسے اپنی غلطی کا شدت سے احساس ہوتا ہے۔اپنی اس ناانصافی کی تلافی کے لئے تیسری بیٹی کو یاد کرتا ہے مگر تب تک دیر ہوچکی ہوتی ہے۔