لاہور: کریڈٹ کارڈ کا ڈیٹا چراکر کاپی بنانے والا گروہ گرفتار

December 13, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

لاہور: کریڈٹ کارڈ کا ڈیٹا چراکر کاپی بنانے والا گروہ گرفتار

فیڈرل بورڈ انویسٹی گیشن (ایف آئی اے ) نے لاہور میں کارروائی کرکے کریڈٹ کارڈ کا ڈیٹا چراکر ان کی کاپی بنانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور نے بڑی کارروائی کرکے 5 ملزمان گرفتار کیے، ملزمان کارڈ استعمال کرنے والے کا جعلی شناختی کارڈ بھی چھاپ دیتے تھے پھر لاکھوں کی خریداری کرتے تھے۔

ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ لاہور کے ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز چودھری اور فیصل شریف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزمان اندرون اور بیرون ملک جعلی کریڈٹ کارڈ ز کے ذریعے فراڈ کرتے تھے۔

ایف آئی اے افسران نے بتایا کہ ملزمان نے فراڈ کی رقم سے پوش علاقوں میں کروڑوں کی جائیدادیں بنا ئیں، ملزمان جعلی کریڈٹ کارڈ پر شہریوں کے اکاؤنٹ سے خریداری کرتے اور اس کے بدلے میں کیش وصول کرتے تھے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مرکزی ملزم ملک سہیل عرف انکل کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب گرفتار ملزم محبوب عرف صداقت نے میڈیا کو بتایا کہ وہ انڈر میٹرک ہے اور اب تک مختلف وارداتیں کرچکا ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ دیگر گرفتار ملزمان میں محمد احمد، اویس، ایاز انصاری اور شیراز شامل ہیں۔