واٹر بورڈ کی نجکاری کسی صورت پر قبول نہیں کی جائے گی، حافظ نعیم

December 14, 2019

کراچی( اسٹاف رپو ر ٹر )جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں واٹر بورڈ کی سوداکاری ایجنٹ یونین متحدہ ورکرز فرنٹ اور انٹلیکچوئل فورم آف پاکستان کے وفودنے ملاقات کی اور واٹر بورڈ کی مجوزہ نجکاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا،ملاقات میں پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ ودیگر بھی موجود تھے،حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں وفدکا خیر مقدم کیا اور ملاقات میں طویل غور و خوض کے بعد تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے یہ طے کیا گیا کہ جماعت اسلامی متحدہ ورکرز فرنٹ اور انٹلیکچوئل فورم نجکاری کی کوششوں کی بھرپور مزاحمت میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے، انہوں نے کہاکہ ہم واضح اور دوٹوک اعلان کرتے ہیں کہ واٹر بورڈ کی نجکاری کسی صورت پر قبول نہیں کی جائے گی، ہمیشہ نجکاری کے موقع پر خوبصورت الفاظ کے ذریعے عوام کو دھوکا دیا جاتا ہے،ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے پروگراموں کی پشت پر خفیہ ایجنڈا کارفرما ہے، ورلڈ بینک کے قرضوں نے پاکستان میں کرپشن کو فروغ دیا اور ملک کو سود کی دلدل میں پھنسا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا کردار ان تمام معاملات میں مشکوک، اس کی سوچ صرف کک بیک تک محدود ہے،صوبہ سندھ اس وقت کرپشن اور بدحالی میں نمبر 1پوزیشن حاصل کر چکا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے واٹر بورڈ کی نجکاری کے مسئلہ پر مزید لائحہ عمل طے کرنے کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔