ذیابیطس ٹائپ ٹو سے محفوظ رہنے کیلئے وزن کم کریں ‘ ہیلتھ ماہرین

December 14, 2019

لندن ( جنگ نیوز) ذیابیطس ٹائپ ٹو جیسے قاتل مرض سے خود کو زندگی بھر محفوظ رکھنے کیلئے لوگ اپنے جسمانی وزن کو کم کرنے کا عہد کریں ۔ یہ انکشاف امریکہ میں ہونے والی طبی تحقیق میں ہوا ۔ سٹینفورڈ یونیورسٹی کی ریسرچ میں بتایا گیا کہ جسمانی وزن میں کچھ حد تک کمی لانا بھی ذیابیطس کے خطرے کو کم کر سکتا ہے چاہے آپ موٹاپے کے شکار ہی کیوں نہ ہو۔ ذیابیطس ٹائپ ٹو دنیا بھر میں وبا کی طرح پھیلنے والا مرض ہے ۔کروڑوں افراد اس عارضے میں مبتلا ہیں ۔ تاہم طبی جریدے پلوس میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر کسی کے خاندان میں یہ مرض موروثی ہو، خطرے کا باعث بننے والے جینیاتی عناصر اور زیادہ جسمانی وزن بھی ہو تو چند کلو وزن میں کمی اس مرض کا خطرہ کم کرسکتی ہے۔ ہیلتھ ماہرین کا کہنا ہے کہ تحقیق میں بتایا گیا کہ 5 فٹ 4 انچ قد کی مالک خاتون جسمانی وزن میں ساڑھے 3 کلو جبکہ 5 فٹ 10 انچ کے مرد 4 کلو تک وزن کم کرلیں تو ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ 1.4 گنا کم ہوجاتا ہے۔ اس سے پہلے بھی جسمانی وزن میں کمی سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خطرے یا پری ڈائیبیٹس مریضوں میں اس سے بچاؤ کے امکانات ثابت ہو چکے ہیں مگر اس حوالے سے لوگوں میں خطرے کو کم کرنے کے حوالے سے کوئی جامع تحقیق نہیں ہوئی تھی۔ اس نئی تحقیق کے دوران 2 لاکھ 87 ہزار سے زائد افراد کا ڈیٹا استعمال کیا گیا جن میں سے 5 فیصد میں ذیابیطس ٹائپ ٹو کی تشخیص ہوچکی تھی اور یہ بھی ثابت ہوا تھا کہ زیادہ جسمانی وزن، خاندان میں ذیابیطس کی تاریخ اور جینیاتی عناصر سے اس کا تعلق ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ جن افراد کے خاندان میں اس مرض کی تاریخ نہ ہو وہ بھی جسمانی وزن میں صرف ایک کلو کمی لانے سے بھی اس مرض کا خطرہ 1.37 گنا کم کر سکتے ہیں۔ محقین کا کہنا تھا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھ کر اس خطرناک مرض سے خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ یہ نتائج آٹے میں نمک کے برابر ہیں کیونکہ تحقیق کے دوران حقیقی افراد میں جسمانی وزن میں کمی کے عمل کا جائزہ نہیں لیا گیا بلکہ اس حوالے سے ڈیٹا دیکھا گیا۔ مگر اس سے ثابت ہوتا ہے کہ جسمانی وزن کو کم رکھنا پوری زندگی ذیابیطس سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔