شہریت منسوخی بل‘بھارتی فیصلے سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی‘مولانا صمد

December 14, 2019

کوئٹہ(پ ر)سابق صوبائی وزیر مولانا عبدالصمد اخوندزادہ نے بھارت کی جانب سے شہریت منسوخی سے متعلق بل پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ بل کی منظوری سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ،بھارت مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائے اور فیصلہ واپس لے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیر ی مسلمانوں پر زندگی تنگ کردی اورمسلسل بے گناہ کشمیریوں کا خون بہار ہا ہے،جس کی مذمت کرتے ہیں،کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا،پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے ہروقت کردار ادا کرتا رہے گا،ہم کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے اور کشمیر کی آزادی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے تمام باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اسلام کی سربلندی کے لئے کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں امن وآشتی کا درس دیتا ہے،مسلمانوں کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ۔عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی جارحیت کا نوٹس لے اور بھارت پر شہریت سے متعلق متنازع بل کو ختم کرنے کے لئے دبائو ڈالے۔